کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور بلوچستان کو دوسروں صوبوں کی تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے ژوب بائی پاس کی جلد تکمیل اشد ضروری ہے لہٰذا مذکور منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے فوری طور پر فنڈ ز فراہم کیا جائے۔ ایک اچھی طرح سے منصوبہ بند ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر مضبوط معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے پورے علاقے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ سڑکوں کا جال بچھانے اور آمدورفت کے نئے ذرائع پیدا کرنے سے معاشی نظام کو نمایاں طور پر مضبوط اور مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پارٹی عبد العلیم خان سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ایک اچھی طرح سے منصوبہ بند ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر نہ صرف شہروں اور دیہی علاقوں کے درمیان رابطے میں اضافہ کریگا بلکہ تجارت، زراعت اور سیاحت کو بھی فروغ دیگا۔ موثر نقل و حمل کے روابط سفر کے دورانیہ کو کم کرینگے، رسد کی لاگت کو کم کرینگے اور مارکیٹوں تک رسائی میں اضافہ کرینگے، اس طرح ہم بڑے پیمانے پر سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے بھی راغب کرنے کے قابل بن جائیں گے۔ گورنر مندوخیل نے نقل و حمل کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی جس سے بین الصوبائی تجارت مستحکم ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
صوبے کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور بلوچستان کو دوسروں صوبوں کی تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے ژوب بائی پاس کی جلد تکمیل اشد ضروری ہے، جعفرخان مندوخیل

ٹیگز:
جعفرخان مندوخیل
