لورالائی(ڈیلی گرین گوادر)سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان روڈ غوایہ غر کے مقام سے آٹھ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کرکے لیویز حکام کے حوالے کردیا۔ لورالائی لیویز فورس نے گرفتار افراد کو اپنی تحویل میں لے کر پاک افغان بارڈر پر سکیورٹی حکام کے حوالے کردیا جہاں سے انہیں افغانستان ڈی پورٹ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ افغان وار کے بعد ضلع لورالائی میں ہزاروں افغان پناہ گزین مختلف کیمپوں میں آباد ہوئے تھے جو گزشتہ چالیس برسوں میں ہزاروں سے بڑھ کر لاکھوں کی آبادی میں تبدیل ہوگئے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ نے چار کیمپ خالی کروائے، پناہ گزینوں کے بنائے گئے مکانات مسمار کیے گئے، جس کے بعد کچھ خاندان افغانستان واپس چلے گئے جبکہ بڑی تعداد میں غیر قانونی پناہ گزین لورالائی شہر منتقل ہوکر بھاری کرایوں پر مکانات حاصل کرکے آباد ہوگئے۔لورالائی شہر اور گردونواح میں اب بھی ہزاروں کی تعداد میں افغان پناہ گزین غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ اس صورتحال پر عوامی حلقوں نے سکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کو اپنے ملک واپس بھیجنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
لورالائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی،8 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار

ٹیگز:
لورالائی
