کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے حوالے سے بعض قوم پرست اور مذہبی سیاسی جماعتوں کے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر متضاد بیانات اور طرزِ عمل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا کہ بی اے پی جو موقف پارلیمنٹ میں اختیار کرتی ہے، وہی موقف عوام کے سامنے بھی واضح طور پر رکھتی ہے، جبکہ بدقسمتی سے بعض سیاسی و مذہبی جماعتیں پارلیمنٹ میں اس ایکٹ کی حمایت اور باہر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے شور و غوغا اور احتجاج کر رہی ہیں، جو عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر چند جماعتوں کے قول و فعل میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔ یہ جماعتیں پارلیمانی کمیٹی میں ایکٹ کی حمایت کرتی ہیں جبکہ پارلیمنٹ سے باہر احتجاج، عدالتی کارروائیوں اور بیان بازی کا سہارا لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مذہبی جماعت نے کمیٹی میں ایکٹ کی حمایت کی اور بعد ازاں محض دکھاوے کے لیے اپنے رکن اسمبلی کی پارٹی رکنیت معطل اور پھر بحال کی، جبکہ پارلیمنٹ کے اندر ان کا مقف اس کے برعکس رہا۔ترجمان کے مطابق ایک قوم پرست جماعت طویل عرصے تک سابقہ حکومت کو پسِ پردہ چلانے میں شامل رہی، اس جماعت کے ایک موجودہ رکن اسمبلی نے بھی مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کی حمایت کی، تاہم عوام کے سامنے محض نمائشی اپوزیشن کا کردار ادا کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں شامل بعض بلوچ اور پشتون قوم پرست جماعتوں کے اراکین اسمبلی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ کر حکومتی اور ذاتی مراعات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے اپوزیشن کے نعرے لگائے جا رہے ہیں، جو عوام کے ساتھ کھلا دھوکہ ہے۔بی اے پی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ان جماعتوں کا پارلیمنٹ کے اندر ایک اور باہر دوسرا مؤقف عوام کو اندھیرے میں رکھنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ غیر پارلیمانی عناصر، جنہیں عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں اور جن کا پارلیمنٹ میں کوئی کردار نہیں، ملاقاتوں اور اخباری بیانات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے کبھی بھی اپنے قول و فعل میں تضاد نہیں رکھا۔ پارٹی نے پارلیمنٹ میں جو موقف اختیار کیا، وہی موقف عوام کے سامنے بھی پیش کیا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو اب ان جماعتوں کی اصل حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی اصولی، واضح اور دوٹوک مقف کے ساتھ عوام کے سامنے حقائق رکھتی رہے گی۔
بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے متضاد مؤقف قابلِ تشویش ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی

ٹیگز:
عوامی پارٹی
