کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی محتسب بلوچستان علی احمد لہڑی کی بروقت کاروائی پر ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی پینشن بحال کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سائل محمد اشرف ولد حق نواز، سابق اسسٹنٹ سب انسپکٹر بلوچستان پولیس نے صوبائی محتسب بلوچستان کے دفتر میں شکایت درج کروائی تھی کہ ان کی پینشن مقررہ مدت مکمل ہونے کے باوجود بحال نہیں کی جا رہی تھی۔ صوبائی محتسب بلوچستان کی ہدایت پر شکایت کو باضابطہ تحقیقات کے لیے منظور کیا گیا اور محکمہ اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان کو نوٹس جاری کیا گیا۔ سماعت کے دوران اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان کے نمائندے اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر حامد ہارون پیش ہوئے، جنہوں نے تحریری جواب میں آگاہ کیا کہ پنشن کی بحالی کی درخواست موصول نہ ہونے کے باعث معاملہ تاخیر کا شکار رہا، تاہم صوبائی محتسب کے نوٹس کے بعد سائل کی درخواست موصول ہونے پر کیس کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ بعد ازاں اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان نے تحریری طور پر تصدیق کی کہ محمد اشرف کی پنشن بحال کر دی گئی ہے اور واجب الادا بقایاجات سمیت رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی گئی ہے۔شکایت کنندہ نے پینشن کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی محتسب بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔ شکایت کا ازالہ ہونے پر کیس نمٹا دیا گیا۔
صوبائی محتسب بلوچستان علی احمد لہڑی کی بروقت کاروائی پر ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی پینشن بحال کر دی گئی

ٹیگز:
علی احمد
