بسیمہ(ڈیلی گرین گوادر)ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر واشک عبدالمجید سرپرہ، 328 بریگیڈ کے کمانڈر اور ایریا کمانڈر کرنل سالار سمیت سول و عسکری افسران نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران مقامی افراد نے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، سڑکوں، بجلی اور دیگر بنیادی مسائل پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ ضلعی و عسکری حکام نے عوامی مسائل غور سے سنے اور ان کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایریا کمانڈر کرنل سالار نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، پاک فوج اور عوام کے درمیان مضبوط رشتہ ہے جسے مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ علاقے میں خوشحالی اور ترقی آئے۔کھلی کچہری کے اختتام پر عوام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے عوامی رابطہ پروگرامز مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔
بسیمہ , پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

ٹیگز:
بسیمہ
