کراچی(ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کراچی میں یتیم بچیوں کے لیے قائم آغوش ہومز کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آغوش ہومز الخدمت فاؤنڈیشن کا ایک منفرد اور قابلِ فخر فلاحی منصوبہ ہے، جو یتیم بچیوں کو تعلیم، تربیت، رہائش، اخلاقی آبیاری اور باوقار زندگی فراہم کرنے کے عزم کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے الخدمت فاؤنڈیشن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان تمام کارکنان، محسنین اور منتظمین کے نام ہے جو خاموشی سے یتیم بچیوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات قابلِ تحسین اور لائقِ تقلید ہیں ۔شکست کسی تحریک کی کامیابی یا ناکامی کا اصل پیمانہ نہیں ہوتی۔ اسلام ہر قربانی کے بعد کامیابیوں کی طرف گامزن ہوتا ہے۔ اگر ہم اسلام کی ابتدائی تاریخ پر نظر ڈالیں تو غزوۂ بدر میں ستر صحابہ کرامؓ کی شہادت اور ستر کا قید میں جانا بظاہر ایک بڑا نقصان تھا، مگر بعد کے غزوات میں عظیم الشان کامیابیاں مسلمانوں کا مقدر بنیں۔انہوں نے موجودہ سیاسی و سماجی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس طرح بظاہر 2024 کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی واضح کامیابی کو ناکامی میں بدل دیا گیا، لیکن جب تبدیلی کی یہ لہر پورے پاکستان سے اٹھے گی اور ہر گلی کوچے سے مرد و عورت ‘بدل دو نظام’ کی تحریک کو لے کر کھڑے ہوں گے تو ایک بڑی اور فیصلہ کن تبدیلی سامنے آئے گی۔ اگر بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کے شدید ظلم کے باوجود تبدیلی آ سکتی ہے، اگر غزہ کے مجاہدین اسرائیل کو منہ کے بل گرا سکتے ہیں،
اگر کشمیر کے نہتے بیٹے اور بیٹیاں پانچ لاکھ بھارتی فوج کو ناکوں چنے چبوا سکتے ہیں تو پاکستان میں جماعت اسلامی کے جان نثار نوجوان نظام کی تبدیلی کی اس تحریک کو کامیابی سے ہم کنار کیوں نہیں کر سکتے؟ ان شاء اللہ اس تحریک کے نتیجے میں بڑی تبدیلی ضرور نظر آئے گی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین ثمینہ سعید نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام آغوش ہومز یتیم بچیوں کی تعلیم و تربیت میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ ادارے معاشرے کے محروم طبقات کو امید اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں، جو ایک فلاحی معاشرے کی مضبوط بنیاد ہے۔ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہآغوش ہومز کی کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ منظم جدوجہد اور خلوصِ نیت سے محروم بچوں کی زندگیاں بدلی جا سکتی ہیں۔ یتیم بچیوں کی تعلیم و تربیت دراصل ایک محفوظ، بااخلاق اور مستحکم معاشرے کی تعمیر ہے۔تقریب کے اختتام پر الخدمت فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن نویدہ انیس نے الخدمت کی جانب سے ڈاکٹر حمیرا طارق کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔

