اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان اور امریکا نے منشیات کی روک تھام اور انٹیلیجنس شیئرنگ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، اس دوران انسداد منشیات و سکیورٹی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں منشیات کی روک تھام اور انٹیلیجنس شیئرنگ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،امریکی سفیر نے انسداد منشیات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلیے ہر ممکن ٹیکنیکل معاونت کی پیشکش کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے ہماری واضح پالیسی ہے، ایئرپورٹس پر ہر ممکن حد تک منشیات کیسز کی نشاندہی اولین ترجیح ہے، ملک کے تمام ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکیننگ مشینیں نصب کی جا رہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انسداد منشیات کیلیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کر رہے ہیں، افغانستان سے آج بھی منشیات درجنوں ملکوں میں پہنچ رہی ہے اور نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے، انسداد منشیات کیلیے امریکا کی ٹیکنیکل سپورٹ کا خیر مقدم کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر جلد قائم کیا جائے گا۔
محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات `غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر اتفاق

ٹیگز:
محسن نقوی
