کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نمائند وفد نے پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے احتجاج میں شرکت کی۔پارٹی نے بلوچستان گرینڈ الائنس کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کی اور ان کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ وفد میں پارٹی مرکزی ایڈیشنل مالیات سیکرٹری آغا سید لیاقت علی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ملک عمر کاکڑ، صورت خان کاکڑ، نظام عسکراور دیگر شریک تھے۔ وفد نے کہا کہ گرینڈ الائنس کے مجوزہ چارٹر آف ڈیماند کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے۔ موجودہ فارم 47کی زر وزور کی حکومت نے ہر شعبہ زندگی کو تباہی سے دوچار کردیا ہے۔ ہر ادارہ اس وقت مفلوج ہوچکا ہے، ملازمین شدید مہنگائی میں اپنی تنخواہوں، مراعات اور اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں جس کی بنیادی وجہ موجودہ نااہل، ناکام، ناتجربہ کار حکومت ہے جس نے اپنی کرپشن، کمیشن، پرسنٹ کے لیے نہ صرف ملازمین کو مسائل ومشکلات سے دوچار کیا ہے بلکہ ملازمین کے ساتھ اپنے وعدوں کی پاسداری نہ کرنے کے باعث ملازمین کو مسلسل احتجاج پر مجبور کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی تمام ملازمین کے جائز حقوق ومطالبات کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے ساتھ وعدے کی فوری پاسداری کی جائے۔ پارٹی کسی صورت صوبے کے ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑیگی اور ان کی ہر ممکن تعاون کریگی۔
گرینڈ الائنس کے مجوزہ چارٹر آف ڈیماند کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے، عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
