کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر رمضان ہزارہ کی سربراہی میں ہزارہ ٹاؤن میں ایک ریلی نکالی گئی اور الیکشن کمپین آفس کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ اجلاس کے مہمانِ خصوصی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ تھے۔اجلاس سے چنگیز حئی بلوچ، چیئرمین محراب بلوچ، ڈاکٹر رمضان ہزارہ اور عیوض کشتمند نے خطاب کیا۔چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2024 کے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، جو جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک جمہوری و عوامی جماعت ہے، جو ہمیشہ شفاف انتخابات، آئینی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی تمام اقوام کی نمائندہ جماعت ہے، جو قوموں کو منظم کرکے انہیں معاشی ترقی، سیاسی شعور اور حقوق کی فراہمی کے لیے متحد کرے گی۔مزید کہا کہ 47 حلقوں میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا اور موجودہ حکومت مکمل ناکامی کا شکار ہے۔ نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل کر ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی اور انشاءاللہ دوبارہ عوامی طاقت کے ساتھ میدان میں آکر خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔
نیشنل پارٹی بلوچستان کی تمام اقوام کی نمائندہ جماعت ہے، چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ

ٹیگز:
چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ
