ماشکیل (ڈیلی گرین گوادر)پاک ایران سرحد پر واقع ماشکیل گزر بارڈر ہفتے کے دن دوبارہ کھولنے کا فیصلہ پاکستانی و ایرانی ذمہ داران اور سرحدی معتبرین کے درمیان طویل اور نمائندہ اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔ اس تاریخی اجلاس میں ایرانی طرف سے ونگ کمانڈنٹ سردار ظریفی، حاجی خان محمد، مولوی احمد، مولوی جواد، سردار باسط کشانی اور دیگر سیکورٹی اہلکار شامل تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے ایم پی اے واشک حاجی میر زابد علی ریکی، ونگ کمانڈنٹ محمد آصف، نوے ونگ ماشکیل کے کرنل فرحان احمد، معتبرین ماشکیل، مولوی عبدالروف ریکی، حاجی محمد کریم ریکی، وائس چیئرمین یو سی لدگشت میر عکائشہ ملازئی، میر سیف اللہ ریکی، حاجی نذیر محمد حسنی اور یو سی چیئرمین حاجی میر شکر اللہ ریکی شریک ہوئے۔اجلاس میں دونوں ممالک کے سرحدی عوام کی سہولت، تجارتی روابط اور آمدورفت کے مسائل پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔ دونوں طرف کے نمائندوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بندش نے عوام اور تاجروں کے روزمرہ معاملات کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے پیش نظر بارڈر کو کھولنا ضروری ہے۔ایم پی اے واشک حاجی میر زابد علی ریکی نے کہا کہ ہم نے پاکستانی اور ایرانی حکام کے تعاون سے سرحدی عوام کی دیرینہ خواہش کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کور کمانڈ بلوچستان اور آئی جی ایف سی ساوتھ بلوچستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی توجہ اور اقدامات کی وجہ سے دونوں ممالک کے شہریوں اور تاجروں کو سہولت فراہم کی جا سکی۔ذرائع کے مطابق گزر بارڈر کھلنے کے بعد سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی اور مقامی عوام کو آمدورفت میں آسانی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں معاشرتی رابطے مضبوط ہوں گے اور دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔پاک ایران سرحد پر اس قسم کے دو طرفہ اجلاس اور تعاون سرحدی استحکام اور عوام کی فلاح کے لیے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ روابط میں بھی مضبوطی آئے گی۔
پاک ایران مشترکہ اجلاس کے بعد ماشکیل گزر بارڈر ہفتے کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

ٹیگز:
پاک ایران
