پشین(ڈیلی گرین گوادر)لیویز فورس پشین نے ایک کامیاب آپریشن کے ذریعے لاہور سے اغوا ہونے والے 17 سالہ نوجوان فہد علی کو بازیاب کر لیا۔ انتظامیہ کے مطابق فہد علی کو کوئٹہ میں ایک مسافر کوچ کی اسنیپ چیکنگ کے دوران بحفاظت بازیاب کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ مغوی کو بس کے ذریعے کوئٹہ لایا جا رہا تھا، جہاں سے اسے غیر قانونی طور پر ایران منتقل کرنے اور پھر ترکی لے جانے کا منصوبہ تھا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق فہد علی کے اغوا کا مقدمہ 13 اکتوبر 2025 کو لاہور کے ایک تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ اغوا کاروں نے فہد علی کو لاہور سے اغوا کیا اور غیر ملکی سرزمین پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم لیویز فورس کی بروقت کارروائی نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔کارروائی کے دوران اغوا کے الزام میں نواز نامی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، اور ملزم سے تفتیش جاری ہے تاکہ اس گھناونے جرم کے پیچھے کارفرما دیگر عناصر اور مقاصد کا پتہ لگایا جا سکے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بازیاب ہونے والے نوجوان کو تحفظ میں لے لیا گیا ہے اور اسے جلد از جلد اہلخانہ کے حوالے کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ لیویز فورس کے اس آپریشن کو سراہتے ہوئے حکام نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چوکس کارکردگی سے نہ صرف ایک نوجوان کی جان بچائی گئی بلکہ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرم کو بھی روکا گیا۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ایسے واقعات بروقت روکے جا سکیں۔
لیویز فورس پشین کی کارروائی، لاہور سے اغوا ہونے والا 17 سالہ نوجوان فہد علی بازیاب

ٹیگز:
لیویز
