اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں جو ایک جمہوری احتجاج کررہے تھے اور دھرنوں پر بیٹھے ہوئے تھے جس انداز میں اس غیر آئینی،غیر جمہوری، غیر قانونی حکمرانوں نے حملہ کیا اوربچوں، بوڑھوں، عورتوں اور تحریک کے رہنماؤں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا اس کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتاہوں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو موجودہ حکومت روندھ اور معطل کرچکی ہے۔خود آئین اپنے ساتھ کلہواڑ کرنے والوں کو بغاوت کا مجرم قرادیا ہے۔ ان باغی حکمرانوں نے غریب انسانوں پر گولیاں چلائی ہیں ہم ان کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے۔ ہم خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی صحت کے لیے دعاگو ہے۔ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ اپنے پیاروں کے سلسلے میں آئین کے دائرہ میں جو بھی عمل وہ کرینگے پشتونخواملی عوامی پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان ان کا ساتھ دیگی۔ میں اپیل کرتا ہوں اُن شہروں کے شہریوں سے جہاں یہ ظلم وبربریت کی گئی ہے کہ وہ تحریک کے ساتھ مار دھاڑ میں نہیں بلکہ تنظیم اور جمہوری احتجاج کے ذریعے اس ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور تعاون کریں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 26نومبر کو بھی پاکستان کے غریب بچوں، سیاسی،جمہوری کارکنوں جن میں عورتیں بھی شامل تھیں ان پر حملہ کیا گیا انہیں مارا گیا آج بھی بہت سارے لوگوں کے پیارے اب تک غائب ہیں۔شہباز شریف اینڈ کمپنی اس بات کوسمجھنے کی کوشش کیوں نہیں کررہی کہ گولیوں سے روکنے والوں کا انجام بنگلہ دیش، سری لنکا اور پڑوس میں تیسرے ملک نیپال میں کیا ہوا؟ یہی انجام ہمارے ملک کا ہوگا۔خیبر سے لیکر باجوڑ تک، تمام پشتونخوا وطن، بلوچ وطن، گلگت بلتستان،پنجاب میں جو خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے یہ ہمیں قابل قبول نہیں اور نہ ہم اسے مانیں گے اور اس کا راستہ روکنے کے لیے ہم آگے آئیں گے۔ میں اپیل کرتا ہوں پاکستان کی تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں، تمام عوام سے کہ وہ اس غیر آئینی، غیر جمہوری حکومت کے خلاف صف بندی کرے اور ظلم کا ہاتھ روکیں
باغی حکمرانوں نے غریب انسانوں پر گولیاں چلائی ہیں، محمود خان اچکزئی

ٹیگز:
محمود خان
