چمن(ڈیلی گرین گوادر)پاک افغان سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث چمن بارڈر کو غیر معینہ مدت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل بھی مکمل طور پر معطل ہو گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق، بارڈر بندش کے بعد چمن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ مقامی رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارڈر کے قریبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ذرائع کے مطابق، پاک افغان سرحد کے قریب حساس علاقوں میں فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جو مسلسل گشت اور علاقے کی نگرانی کر رہی ہے۔ دشت سمیت دیگر سرحدی مقامات پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔چمن شہر میں فوج اور ایف سی کے تازہ دم دستے مسلسل گشت کر رہے ہیں، جب کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تجارتی سرگرمیاں، پیدل آمدورفت اور سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق، جب تک صورتحال معمول پر نہیں آتی، بارڈر بند رہے گا اور سیکیورٹی اقدامات میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ سرحدی اضلاع میں ہنگامی اقدامات جاری ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
چمن بارڈر غیر معینہ مدت کے لیے بند، افغان مہاجرین کا انخلا معطل ہوگیا

ٹیگز:
چمن بارڈر
