اسلام آباد(ملک غلام مرتضی) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جمہوریہ ازبکستان کے سرکاری دورے کے دوران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوتر قُدرَت خوجایف بہرومووچ اور نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس، میجر جنرل برخانوف احمد جومولووچ سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، عسکری تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ازبکستان کے وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، موجودہ دفاعی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے امکانات زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر ایئر چیف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ دفاعی روابط کا مزید استحکام خطے میں امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ازبک وزیر دفاع نے پیشہ ورانہ روابط، باہمی تجربات سے استفادے اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی استعداد کو سراہتے ہوئے ازبک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے تجربات، مہارت اور افرادی قوت کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس سے ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔ اس ضمن میں مشترکہ فوجی مشقوں، منظم تبادلہ پروگرامز، مسلسل پیشہ ورانہ روابط اور استعدادِ کار میں اضافے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ایئر چیف نے بنیادی سے اعلیٰ حربی سطح تک پائلٹس کی تربیت، تکنیکی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ دونوں جانب سے آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات اور تکنیکی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے پیشہ ورانہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ایئر چیف کا دورۂ جمہوریہ ازبکستان، دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں عسکری اشتراکِ عمل کو وسعت دینے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔

