پشین(ڈیلی گرین گوادر)پشین کے علاقے کراتو کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں مسافروں سے بھرا ٹریکٹر الٹنے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔لیویز ذرائع کے مطابق حادثہ قلعہ عبداللہ سے برشور جانے والے ٹریکٹر کو پیش آیا جو کچھی سڑک پر تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا۔ حادثے کے وقت ٹریکٹر میں 29 افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ضلع اسپتال پشین منتقل کیا گیا، تاہم شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔لیویز حکام نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور حد سے زیادہ بوجھ کے باعث پیش آیا۔ علاقے کے عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی مسافر بردار ٹریکٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ اس طرح کے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
پشین میں خوفناک ٹریفک حادثہ، مسافروں سے بھرا ٹریکٹر الٹنے سے 3 افراد جاں بحق، 25 زخمی

ٹیگز:
پشین
