کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان اپنی سرزمین، خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فتنہ خوارج اور سرحد پار سے دشمن عناصر کے خلاف پاک افواج کی کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ میں سنگِ میل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادر پاکستانی سپوتوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے، ان کی قربانیاں پاکستان کے عزم، غیرت اور شجاعت کی علامت ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جانا انتہائی افسوسناک ہے، عالمی برادری اس کا سخت نوٹس لے۔ پاکستان نے ہمیشہ پڑوسی ممالک کے ساتھ امن، دوستی اور احترامِ خودمختاری کی پالیسی اپنائی ہے، مگر دشمن عناصر نے بارہا اس خیرسگالی کو کمزوری سمجھنے کی غلطی کی۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کے مراکز پر مثر کارروائیاں کرتے ہوئے ان کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے۔ بلوچستان اور پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے شہدا کی قربانیوں پر فخر کرتے ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعلی نے واضح کیا کہ افغان طالبان اور بھارتی سرپرست عناصر کی اشتعال انگیزی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، مگر پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور عالمی استعمار خطے میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہیں تاکہ اپنے مفادات حاصل کر سکیں، مگر پاکستان کے دشمن یہ جان لیں کہ قوم اور افواج متحد ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم شہدا کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کے خون سے وطن کا وقار اور سر بلندی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانیں نچھاور کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے اور اپنے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کو روکنے کے لیے کابل حکومت پر دبا ڈالے تاکہ خطہ امن و استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی ناقابلِ قبول ہے،سرفراز بگٹی

ٹیگز:
سرفراز بگٹی
