چمن(ڈیلی گرین گوادر)پاک افغان سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور سرحدی شہر چمن میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور حساس اداروں کے اہلکاروں کو شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں، سرکاری دفاتر، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، چمن بارڈر پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب موجودہ صورتحال نہایت حساس ہو چکی ہے۔ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر کوئٹہ میں “تھرڈ لیول تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، دہشت گرد عناصر کی جانب سے اہم تنصیبات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائیوں کے تحت کوئٹہ کے مختلف علاقوں، خصوصا پولیس لائن،جناح روڈ، کبیر بلڈنگ، سیٹلائٹ ٹاون، سریاب، اسپنی روڈ، اور ہزارہ ٹاون میں سرچ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مشکوک افراد کی شناخت اور تلاشی کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے داخلی اور خارجی راستوں پر جدید اسکیننگ آلات نصب کر دیے ہیں، جبکہ گاڑیوں کی تفصیلی چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق، چمن شہر میں بھی پاک افغان بارڈر پر سخت نگرانی کا نظام قائم کر دیا گیا ہے۔ دونوں اطراف آمدورفت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جب کہ خفیہ اداروں کی ٹیمیں مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر فوری کارروائی کی جائے۔سیکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں، اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ ممکنہ خطرات کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق، حکومتِ بلوچستان اور سیکیورٹی ادارے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں۔ تمام اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کوئٹہ اور پاک افغان چمن باڈرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ، تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا

ٹیگز:
کوئٹہ
