کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام صوبہ بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق حکومتی اقدامات پر صوبائی جماعت کا دوٹوک مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے سینے میں خنجر گھونپنے والے ہی جب جمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار بننے کا دعویٰ کریں تو اس سے بڑا سیاسی تضاد اور المیہ کیا ہوگا۔ غیر اعلانیہ ایمرجنسی کے بعد اب اعلانیہ ایمرجنسی یا گورنر راج کی کا فیصلہ کمزور ہوتی جمہوریت پر ایک اور کاری ضرب لگانے اور عوام کے حقِ حکمرانی کو سلب کرنے کی خطرناک سازش ہیں۔ جمہوریت کو اس کے نام نہاد عالمبرداروں سے بچانے کی ضرورت ہے، کیونکہ عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے والے کسی صورت عوام کے غیض و غضب اور تاریخ کے بے لاگ احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ کی صورتِ حال کسی سے پوشیدہ نہیں؛ صوبائی حکومت کی عمل داری اور امن و امان کے دعوؤں پر سنجیدہ سوالات موجود ہیں، یہاں تک کہ وزراء کے لیے بھی بلاخوف و خطر سفر کرنا مشکل ہو چکا ہے، لیکن جب سیاسی بیانیہ ان حلقوں کی خواہشات سے ہم آہنگ ہو تو ہر طرف سب اچھا کی تصویر پیش کی جاتی ہے۔ یہ دوہرا معیار نہ صرف حکومتی دعوؤں کی قلعی کھولتا ہے بلکہ جمہوری اصولوں اور عوامی اعتماد کے ساتھ سنگین مذاق بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر جمعیت علماء اسلام اپنی مرکزی جماعت کی ہدایات اور فیصلے اور اہندہ کے لائحہ عمل کے منتظر ہے، ہمارا اصولی مؤقف بالکل واضح ہے کہ کسی بھی صوبے کے عوام کے منتخب نمائندوں کو غیر آئینی، غیر جمہوری یا ماورائے مینڈیٹ اقدامات کے ذریعے اقتدار سے محروم کرنا ملک کے جمہوری مستقبل کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان آج بھی گورنر راج کے تلخ اور تباہ کن اثرات بھگت رہا ہے۔ جب عوامی نمائندگی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، جب صوبے کے سیاسی اختیار کو محدود کیا گیا اور جب عوامی فیصلے کی جگہ غیر منتخب قوتوں کی مداخلت نے لی، تو اس کے اثرات نے صوبے کی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی حقوق کے سفر کو شدید نقصان پہنچایا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جمہوری تسلسل کو توڑنے، منتخب حکومتوں کو کمزور کرنے اور عوامی مینڈیٹ کو بے توقیر کرنے کے نتائج کبھی خوش آئند نہیں ہوتے۔ جمعیت علماء اسلام کمزور، ناتواں یا نامکمل سہی، مگر عوام کے ووٹ سے قائم ہونے والی حکومت کو ایمرجنسی اور گورنر راج جیسے غیر معمولی اقدامات پر ترجیح دیتی ہے، کیونکہ جمہوری نظام کی اصلاح کا راستہ آئین، پارلیمان اور عوامی نمائندگی سے گزرتا ہے، نہ کہ طاقت کے یک طرفہ استعمال سے۔ اگر عوامی مینڈیٹ کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی تو جمعیت علماء اسلام اس کے دفاع کے لیے سیاسی، جمہوری اور آئینی محاذ پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔فروری 2024 کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے، انتخابی عمل کو متنازع بنانے اور جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے عناصر آج ایک بار پھر ایمرجنسی اور گورنر راج مسلط کرکے آئین، جمہوری اقدار اور عوامی حقِ حکمرانی کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔ جو کردار کل عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈال کر جمہوریت کے قاتل بنے، وہ آج ایمرجنسی اور گورنر راج کے ذریعے جمہوریت کا جنازہ نکالنے کے درپے ہیں۔ انہیں یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ آئین شکنی، عوامی مینڈیٹ کی پامالی اور طاقت کے بل بوتے پر سیاسی مخالفین کو کچلنے کی روش بالآخر خود انہی کے سیاسی زوال، رسوائی اور ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بنے گی۔ تاریخ کا فیصلہ واضح ہے کہ وقت آنے پر ہہی ہتھکنڈے ان کے اپنے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوتے ہیں۔ جمہوریت کوئی جاگیر نہیں کہ جب چاہا عوامی مینڈیٹ کو روند ڈالا اور جب چاہا اقتدار بچانے کے لیے آئین کو موم کی ناک بنا لیا؛ ایسے اقدامات ریاستی استحکام کو دیمک کی طرح چاٹتے اور اپنے معماروں کے لیے سیاسی تباہی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کا طرزِ عمل سیاسی عدم اعتماد، غیر یقینی صورتِ حال اور وعدوں سے انحراف کی ایسی فضا پیدا کر رہا ہے جو کسی بھی مستحکم جمہوری معاشرے کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ جب معاملات طے پا جانے کے بعد اپنے ہی مؤقف سے انحراف کیا جائے، جب سیاسی یقین دہانیوں کو پسِ پشت ڈال دیا جائے اور جب اصولوں کی جگہ وقتی مفادات کو ترجیح دی جائے تو اس سے نہ صرف سیاسی قیادت کی ساکھ مجروح ہوتی ہے بلکہ ریاستی اداروں اور سیاسی قوتوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی کمزور پڑتا ہے۔ حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اقتدار کی قوت عارضی، مگر اصولوں اور فیصلوں کے نتائج دیرپا ہوتے ہیں۔ عوامی اعتماد کو روند کر حاصل کی گئی سیاسی برتری بالآخر سیاسی زوال کا پیش خیمہ بنتی ہے، اور تاریخ میں ایسی مثالوں کی کمی نہیں۔سینیٹر مولانا عبدالواسع نے تاریخی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام جمہوری اقدار اور منتخب حکومتوں کے تحفظ کے لیے آج سے نہیں بلکہ کئی دہائیوں سے اصولی جدوجہد کرتی چلی آ رہی ہے۔ جب سردار عطاء اللہ مینگل کی حکومت ختم کی گئی تو مفکرِ اسلام مولانا مفتی محمود? نے اس اقدام کے خلاف احتجاجاً بطور وزیراعلیٰ صوبہ سرحد (موجودہ خیبر پختونخوا) کی حکومت سے استعفیٰ دے کر واضح کر دیا تھا کہ جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کا دفاع کسی ایک جماعت، صوبے یا حکومت کا معاملہ نہیں بلکہ ایک اصولی اور قومی ذمہ داری ہے۔ یہ وہ تاریخی کردار ہے جس نے ثابت کیا کہ جمعیت علماء اسلام اقتدار کے حصول سے زیادہ جمہوری اصولوں، صوبائی خودمختاری اور عوام کے حقِ حکمرانی کو اہمیت دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ بار بار یہ سبق دہراتی ہے کہ لمحوں کے غیر آئینی فیصلے قوموں کو مدتوں ان کی قیمت چکانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ آئین سے انحراف، عوامی مینڈیٹ کی پامالی اور منتخب حکومتوں کو غیر معمولی انتظامی اقدامات کے ذریعے ہٹانے کی کوششیں وقتی سیاسی فائدہ تو دے سکتی ہیں، مگر ان کے اثرات جمہوری نظام، وفاقی اکائیوں کے باہمی اعتماد اور قومی یکجہتی پر دور رس اور تباہ کن ہوتے ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ طاقت کے استعمال، سیاسی انتقام اور غیر جمہوری تجربات کے بجائے آئینی حدود، پارلیمانی بالادستی، سیاسی مکالمے اور عوامی فیصلے کا احترام کریں۔ جمعیت علماء اسلام کا مؤقف واضح ہے کہ جمہوریت کو کمزور کرنے کا ہر راستہ بالآخر ریاست اور عوام دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا، اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کی جدوجہد میں جماعت اپنے اصولی مؤقف سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔
گورنر راج کمزور جمہوریت کے خلاف سنگین سازش، بلوچستان آج بھی گورنر راج کے تباہ کن نتائج بھگت رہا ہے، سینیٹر مولانا عبدالواسع

ٹیگز:
سینیٹر مولانا عبدالواسع
