کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ مینگل ہاس کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے سانحہ 2 ستمبر پر تعزیت اور اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ، سینیٹر کامران مرتضی ایڈووکیٹ، فخر سارنگزئی، حافظ خلیل احمد سارنگزئی، میر سمیع رودینی، سیف الرحمان لہڑی، نوید احمد صدیقی سارنگزئی اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہ سانحہ صرف ایک سیاسی جماعت پر نہیں بلکہ جمہوریت، آزادی اظہار اور پرامن جدوجہد پر حملہ ہے۔ اختلاف رائے جمہوری روایت ہے مگر اس کا جواب بندوق اور گولی سے دینا کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا اعادہ کیا اور پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔سردار اختر جان مینگل نے جمعیت علما اسلام کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ صوبے میں برداشت، بھائی چارہ اور جمہوری اقدار کو فروغ مل سکے۔ ملاقات میں بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی حقوق، جبری گمشدگیوں اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا کہ جمہوری اقدار کی پاسداری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کی مینگل ہاوس آمد، سردار اختر مینگل سے ملاقات اور سانحہ 2 ستمبر پر اظہار تعزیت

ٹیگز:
عبدالغفور حیدری
