کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات تالمند خان کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی وصوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 8ستمبر کے کامیاب شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پر اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں کو داد تحسین پیش کیا اور عوام کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے ہڑتال کی بروقت حمایت اور کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں، طلباء تنظیموں کے رہنماؤں وکارکنوں کی گرفتاریوں، لاٹھی چارج، آنسو گیس،شیلنگ، فائرنگ سے کارکنوں کو زخمی کرنے کے غیر آئینی، غیر قانونی، غیر جمہوری ناروا اقدامات اور طرز عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر تمام سیاسی رہنماؤں وکارکنوں کو رہا کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 11ستمبر کو صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ہوگا اور 13ستمبر کو اتحاد میں شامل جماعتوں کے سربراہان کا مشترکہ اجلاس منعقد گا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس، 8 ستمبر کی ہڑتال کی کامیابی پر رہنماوں اور عوام کو داد

ٹیگز:
اپوزیشن
