کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان نے آج اپنی تاریخ رقم کرلی! پہیہ جام، شٹرڈاؤن اور عام ہڑتال شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ یہ کامیابی بلوچستان کے عوام، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور سیاسی کارکنان کی بہادری اور قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ان سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ہم اُن تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے عوامی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد کی۔ یہ اتحاد اور یکجہتی عوام کی حقیقی قوت کا ثبوت ہے۔بیان میں خیبر پشتونخوا کے مختلف اضلاع پشاور، چارسدہ، صوابی، سوات، مردان، بنو، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیر ستان، درازندہ،تورغر، بونیر اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہروں پر پارٹی کارکنوں داد تحسین اور عوام کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا گیاہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں اور پولیس کی جانب سے پرامن کارکنان پر وحشیانہ تشدد اور گرفتاریوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اگر یہی طاقت دہشتگردوں کے خلاف استعمال ہوتی تو آج ہزاروں معصوم شہریوں کا خون نہ بہتا۔بلوچ، پشتون اور ہزارہ عوام نے آج یہ ثابت کردیا کہ وہ دہشتگردی، جابرانہ ریاستی پالیسوں اور عوام کے حقِ حکمرانی پر ڈاکہ ڈالنے والی غیر جمہوری قوتوں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ بلوچستان کی یہ تاریخی ہڑتال پورے پاکستان کے عوام کے لیے ایک روشن مثال اور مشعل راہ بن گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی معاون مالیاتی سیکرٹری لیاقت آغا، صوبائی صدر عبدالقہار خان، ان کے بیٹے ولی خان اور نواسہ احمد شاہ، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی، صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی سمیت سینکڑوں کارکنان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں ضلعی، تحصیل اور علاقائی رہنما اور پشتونخواسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے 24رہنما و کارکنان شامل ہیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی تمام جمہوریت پسند عوام اور سیاسی قوتوں سے اپیل کرتی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے 11 ستمبر بروز جمعرات ریاست کی جانب سے پرامن سیاسی کارکنان پر تشدد، گرفتاریوں اور اسیر رہنما اور کارکنان کے رہائی کیلئے صوبے کے تمام اضلاع اور کوئٹہ میں اعلان کردہ مظاہروں میں کی بھرپور تیاری کی جائے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اعلان کرتی ہے کہ ہم ظلم، آمریت اور عوامی آواز دبانے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ عوامی جدوجہد جاری ہے اور رہے گی جب تک کہ بلوچستان اور پاکستان کے عوام کو اُن کا حقِ حکمرانی نہیں ملتا۔
بلوچستان میں تاریخی ہڑتال، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا عوام، کارکنان اور تاجروں کو خراجِ تحسین پیش کی

ٹیگز:
بلوچستان
