کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے خلاف آل پارٹیز کی ہڑتال کے دوران نیشنل پارٹی،بی این پی،پشتونخوامیپ،اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماں اور کارکنوں پر تشدد،شیلنگ اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری عمل قرار دیا انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے بلوچستان کے عوام کو پارلیمانی اور جمہوری سیاست سے مزید دور دھکیلا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم پرست اور جمہوری جماعتوں کے کارکنوں کو پرامن احتجاج کے دوران نشانہ بنایا گیا جو کہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق اور آئینی آزادیوں کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، جسے آئین پاکستان بھی تسلیم کرتا ہے اس حق کے استعمال میں رکاوٹیں کھڑی کرنا، سیاسی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور انہیں گرفتار کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان میں سیاسی آوازوں کو دبانے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی الیکشن میں مداخلت، جعلی مینڈیٹ اور حقیقی نمائندوں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کی وجہ سے سیاست سے بدظن ہو چکے ہیں اور اب پرامن احتجاج کو طاقت سے کچلنا اس بداعتمادی کو مزید بڑھائے گا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بلوچستان میں مسائل کو سننے، سمجھنے اور ان کا حل تلاش کرنے کے بجائے طاقت کے ذریعے آوازوں کو دبانے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ اگر یہ روش نہ بدلی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، جو نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے لیے نقصان دہ ہوں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار سیاسی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، تشدد اور شیلنگ کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، اور مستقبل میں پرامن احتجاج کے جمہوری حق کو یقینی بنایا جائے۔
سیاسی کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریاں انتہائی قابل مذمت ہیں ٗ میر رحمت صالح بلوچ

ٹیگز:
میر رحمت صالح
