کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)افغان قومی موومنٹ کے سربراہ احمد خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پشتون اور بلوچ عوام کی 95 فیصد اکثریت آج بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ برابری محض چند عہدوں اور وقتی بیانات تک محدود کر دی گئی ہے، جو محکوم اقوام کے ساتھ ایک سنگین دھوکہ ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابقہ اور موجودہ ادوار میں موروثی اور خاندانی قوم و مذہب پرست سیاستدانوں نے باری باری اقتدار کے مزے لوٹے مگر پشتون بلوچ عوام کے ملی تشخص اور حقوق کو نظر انداز کیا۔ احمد خان کے مطابق بعض بلوچ موروثی سیاسی خاندان متحدہ پشتونستان میں پشتونوں اور افغانوں کی حیثیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔افغان قومی موومنٹ کے سربراہ نے کہا کہ صوبے میں باری باری حکومت کرنے والے مذہب اور قوم پرستی کے نام پر عوام کو مسلسل گمراہ کرتے رہے، مگر ان کے انتخابی منشور اور دعوے آج تک وفا نہ ہو سکے۔ اسی وجہ سے عوام پر صدیاں گزر گئیں لیکن نہ شرعی نظام قائم ہو سکا اور نہ پشتونستان کا خواب حقیقت میں ڈھل سکا۔انہوں نے کہا کہ عوام اب ہر سمت سے مایوسی کا شکار ہیں تاہم افغان قومی موومنٹ عوام دوست اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غریبوں، یتیموں اور بے کسوں کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ منشور ضرور رنگ لائے گا۔
بلوچستان میں پشتون و بلوچ عوام 95 فیصد بنیادی حقوق سے محروم ہیں، احمد خان

ٹیگز:
احمد خان
