کوئٹہ ( ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید میلاد النبی ﷺ اور یوم دفاع (6 ستمبر) کے موقع پر صوبے بھر میں امن و امان کی مثالی صورتحال برقرار رکھنے پر محکمہ داخلہ، پولیس، لیویز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں خیر و عافیت کے ساتھ تمام ریلیوں اور اجتماعات کا پرامن اختتام حکومت، سیکیورٹی اداروں، علمائے کرام اور عوام کے مثالی تعاون کا نتیجہ ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور آئی جی پولیس بلوچستان سعید وزیر دن بھر امن و امان کی صورتحال کو براہِ راست مانیٹر کرتے رہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز بھی مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فعال نگرانی اور مربوط حکمت عملی ہی تھی جس کی بدولت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ممکن ہوا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بحالی امن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بروقت فیصلے ناگزیر تھے۔ اسی تناظر میں صوبائی حکومت نے انٹرنیٹ سروس کی عارضی بندش اور ریلیوں کو محدود کرنے جیسے اقدامات کیے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت الحمدللہ صوبے بھر میں تمام سرگرمیاں بخیر و خوبی مکمل ہوئیں اور کوئی سانحہ پیش نہ آیا وزیر اعلیٰ نے ماضی کے ایک المناک واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دو سال قبل ایسے ہی ایک اجتماع کے دوران خوفناک دھماکہ ہوا تھا جس میں ساٹھ سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تلخ تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے حکومت بلوچستان نے امسال پہلے ہی مؤثر اور سخت اقدامات کیے جس کے مثبت نتائج پوری قوم کے سامنے ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے امن قائم رکھنے کے لیے علمائے کرام کے بھرپور تعاون اور عوام کی ذمہ دارانہ شرکت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کو ترجیح دی ہے، اور یہی طرزِ عمل صوبے کو ایک پرامن معاشرے کی طرف لے جانے کا ضامن ہے۔
میر سرفراز بگٹی کی عیدمیلادالنبی ﷺاور یوم دفاع کے موقع پر صوبے بھر میں امن و امان کی مثالی صورتحال برقرار رکھنے پر تمام اداروں کو شاباشی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
