کوئٹہ ( ڈیلی گرین گوادر) ہائی کورٹ بلوچستان اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ظہور احمد بلوچ کی سربراہی میں ایئرپورٹ روڈ چورنگی پر موٹر وہیکل آرڈینس 1965 کی خلاف ورزی کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف مؤثر کاروائی عمل میں لائی گئی۔ کاروائی کے دوران ایک بغیر روٹ پرمٹ مسافر کوچ کوئٹہ-پشاور روٹ رجسٹریشن نمبر LET-7070 کو اضافی پیٹرول ٹینک نصب کرنے جبکہ دو بوسیدہ اور ناکارہ بسوں جن کے نمبر PE-2510 اور BMA-652 کو ناقص حالت کے باعث موٹر وہیکل آرڈیننس سیکشن 115 کے تحت فوری طور پر بند کر دیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ظہور احمد بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی واضح ہدایات کی روشنی میں شہر بھر میں اضافی پٹرول ٹینک، خفیہ خانے اور بوسیدہ لوکل بسوں کے خلاف کارروائیاں باقاعدگی سے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اضافی پٹرول ٹینک اور غیر قانونی ٹینکرز لگانے کی وجہ سے متعدد سانحات رونما ہو چکے ہیں، جہاں کوچز میں فوری طور پر آگ بھڑکنے سے سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ اسی طرح پرانی اور خستہ حال بسوں کے بریک ناکام اور پاور اسٹرنگ نہ ہونے کے باعث شہر میں کافی حادثات رونما ہوچکے ہیں -جس کے سدباب کے لیے ان گاڑیوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔ظہور احمد بلوچ نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خفیہ خانے اور اضافی ٹینکر نصب کرنے سے نہ صرف مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اکثر اوقات دورانِ چیکنگ بسوں کو روکنے کے باعث شہریوں کو کوفت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ تاہم عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ایسے اقدامات ناگزیر ہیں اور یہ مہم آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔
موٹر وہیکل آرڈینس 1965 کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کاروائی عمل میں لائی گئی ` ظہور احمد بلوچ

ٹیگز:
ظہور احمد بلوچ
