برطانیہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ شبانہ محمود کو برطانیہ کی وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ تقرری نائب وزیراعظم انجیلا رینر کی جانب سے نئے گھر پر جائیداد ٹیکس کم ادا کرنے کی غلطی پر گہری ندامت ظاہر کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کے بعد کابینہ میں ردوبدل کے بعد کی گئی ہے۔ شبانہ محمود وزیرانصاف کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں۔عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے انجیلا رینر کے استعفے کے بعد اپنی ساکھ بحال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے نئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ بھی مقرر کیے ہیں۔کیئر اسٹارمر نے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کو نائب وزیراعظم بنایا اور ان کی جگہ وزیر داخلہ یویٹ کوپر کو وزیر خارجہ مقرر کیا۔ یویٹ کوپر کی جگہ وزیر انصاف شبانہ محمود کو وزیر داخلہ بنایا گیا۔ یہ سب کیئر اسٹارمر کے قریبی اور قابل اعتماد ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔گزشتہ ہفتے معاشی مشاورت کو مضبوط بنانے کے لیے ڈاؤننگ اسٹریٹ کی ٹیم میں تبدیلی کے بعد ایک وزارتی ردوبدل متوقع تھا، لیکن انجیلا رینر کے استعفے نے اس ردوبدل کو کہیں زیادہ وسیع کر دیا۔کیئر اسٹارمر اپنی نائب وزیراعظم رینر کو زیادہ نہیں بچا سکے کیونکہ برطانیہ کے آزاد مشیر نے فیصلہ دیا کہ انہوں نے درست ٹیکس ادا نہ کر کے وزارتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
پاکستانی نژاد شبانہ محمود برطانیہ کی وزیر داخلہ بن گئیں

ٹیگز:
پاکستانی
