لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق ،صدروسطی پنجاب نازیہ توحید،صدر لاہورعظمی عمران نے 12 ربیع الاوّل کے پرنور موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیرت النبی ﷺ انسانیت کے لیے کامل ضابطہ حیات ہے۔حضور ﷺ کی ولادتِ باسعادت ربِ کریم کی طرف سے دنیا کے لیے سب سے بڑی نعمت اور رحمت ہے۔ اس دن کو محض چراغاں یا خوشی کے اظہار تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ سیرتِ نبوی ﷺ کو سمجھنے، اپنانے اور معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے جہالت، ظلم، نسلی تفاخر اور ناانصافی پر مبنی معاشرے کو ایمان، عدل، اخوت، حیا اور علم کی بنیادوں پر کھڑا کیا۔ آج اگر ہم بحیثیت امت ذلت و پستی کا شکار ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے سیرتِ نبوی ﷺ سے دوری اختیار کر لی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضور ﷺ کی سیرت خواتین کے لیے مثالی رہنمائی فراہم کرتی ہے، بطور ماں، بیٹی، بیوی اور معاشرے کےمعزز فرد کے طور پر اسلام نے عورت کو جو عزت دی، وہ اسوہ حسنہ ﷺ سے بخوبی ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت 12 ربیع الاول کو سیرت کے پیغام کو عام کرنے کا دن قرار دے اور ریاستی سطح پر اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، معاشی، سیاسی اور سماجی نظاموں میں سیرت النبی صہ کی روشنی میں اصلاح کی جائے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ امت مسلمہ کی بیداری، اتحاد اور فلاح اسی وقت ممکن ہے جب ہم انفرادی و اجتماعی زندگی میں رسول اللہ صلی الل علیہ وسلم کی تعلیمات کو نافذ کریں اور دنیا کو اس نور ہدایت سے روشناس کروائیں#
نبی کریم ﷺ کی سیرت میں ہمارے لیے مکمل رہنمائی ہے، ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
نبی کریم
