تفتان:فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی ہدایت پر ایف آئی اے تفتان سرکل نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد نواز، محمد خان اور سید محمد شامل ہیں، جنہیں تفتان کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد کا تعلق چاغی اور نوشکی سے بتایا جاتا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1350 ملین سے زائد ایرانی ریال، 8 لاکھ روپے پاکستانی کرنسی، 180 امریکی ڈالر اور بنگلہ دیشی ٹکہ برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ 3 اے ٹی ایم کارڈز، 5 پاکستانی پاسپورٹس اور 12 رجسٹرز بھی ضبط کر لیے گئے۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں سرگرم تھے، جبکہ وہ برآمد شدہ بھاری رقوم اور دستاویزات کے حوالے سے حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفتان ، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے 3ملزمان گرفتار، لاکھوں پاکستانی و غیر ملکی کرنسی برآمد

