تربت۔کیچ آرٹس فیسٹیول کی رابطہ کمیٹی نے فیسٹیول منیجر التاز سخی کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان، ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں فیسٹیول میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ ملاقات پیر کے روز ان کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں کمیٹی کے ارکان مقبول ناصر، قدیر لقمان، عومر ہوت، غلام اعظم دشتی، للہ بلوچ، حافظ صلاح الدین سلفی، پھلان خان اور مبارک بلوچ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما انور اسلم اور نعیم عادل بھی موجود تھے۔کمیٹی کے ارکان نے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو کیچ فیسٹیول کے پروگرامات اور سگمنٹس کے حوالے سے تفصیل سے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرکیچ بشیر احمد بڑیچ کی جانب سے کیچ کلچرل سینٹر تربت ستمبر کے دوسرے عشرے میں کیچ آرٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیاجارہاہے جس میں ادبی وثقافتی موضوعات پر پینل ڈسکشنز، بزنس اور انٹرپرینیورشپ کے حوالے سے پروگرام، میوزیکل پروگرام، مشاعرہ، مالد شے پرجاودیگر سرگرمیاں منعقد کئے جائیں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ کیچ ایک اہم ثقافتی و ادبی مرکز ہے اور یہاں آرٹس فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور ایسی مثبت کاوشوں میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے فیسٹیول کو مزید مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے کئی اہم تجاویز پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ فیسٹیول کو صرف تفریح تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ ادب، ثقافت، بزنس، انٹرپرینیورشپ اور تعلیم جیسے اہم موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے سماج بالخصوص نئی نسل کو حقیقی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بزنس، کوالٹی اور پروفیشنل ایجوکیشن پر فوکس ضروری ہے اور ان موضوعات کو فیسٹیول کا حصہ بنانا معاشرے کی مثبت سمت میں ایک اہم قدم ہے۔فیسٹیول منیجر التاز سخی اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ادب و ثقافت دوست سوچ کو سراہتے ہوئے ان کی جانب سے فیسٹیول کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔
کیچ آرٹس فیسٹیول کے رابطہ کمیٹی ارکان کی ڈاکٹر مالک بلوچ سے ملاقات

