گوادر:امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر کے عوام نے اعتماد کیا ہے اور ہم وعدوں کے مطابق ان کے مسائل حل کریں گے۔ بلوچستان کو اگر دیانت دار قیادت ملے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی، طاقت کا استعمال، جعلی نمائندے مسلط کرنے اور اداروں کی مداخلت کی وجہ سے صوبے کے حالات روز بروز خراب ہورہے ہیں جبکہ حکومت، سیکورٹی ادارے، عدلیہ اور میڈیا مسائل حل کرنے کے بجائے تماشائی بنے ہوئے ہیں اور جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے گوادر میں عوامی اجتماعات اور وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، وائس چیئرمین حاجی یوت سیف اللہ، کونسلران، کارکنان اور عوام کے ہمراہ ملافاضل چوک تا مکی مسجد نو تعمیر روڈ کا معائنہ بھی کیا اور عوامی خدشات سنے۔ بعد ازاں انہوں نے فاضل چوک میں مختصر دیوان سجایا اور عوام کے مسائل سنے جنہیں فوری طور پر حل کرنے اور متعلقہ فورمز سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ سی پیک کا جوہر گوادر آج بھی صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح مسائل کا شکار ہے۔ اگر حکومت اور ادارے دیانت داری سے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں تو مشکلات میں جلد کمی آسکتی ہے۔
بدعنوانی، جعلی نمائندے اور اداروں کی مداخلت سے بلوچستان کے حالات مزید خراب ہورہے ہیں، ، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

