زیارت:زیارت میں دو قبائل کے درمیان مسلح جھڑپوں کے دوران 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے فرنٹیئر کور (ایف سی) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ فی الحال زیارت شہر میں رک گیا ہے تاہم قریبی پہاڑی علاقوں میں اب بھی مسلح افراد موجود ہیں جو وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تنازع زمین یا پرانی دشمنی کی بنیاد پر شروع ہوا اور شدت اختیار کر گیا۔انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاکہ پہاڑوں میں موجود مسلح افراد کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کیا جا سکے۔ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور انتظامیہ نے عوام کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قبائلی تنازعات کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے پرتشدد واقعات سے بچا جا سکے۔
زیارت،قبائلی جھڑپوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 2ہو گئی ،ایک زخمی

