باجوڑ( ڈیلی گرین گوادر) باجوڑ میں قیام امن کے لیے قبائلی عمائدین اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور میں عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔باجوڑ امن جرگہ کے اراکین اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے رہنماؤں کے درمیان اتوار کے روز مذاکرات کا ایک اور دور ہوا، جس میں دونوں فریقین نے اس وقت تک جنگ بندی پر اتفاق کیا جب تک کہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے مکمل طور پر حل نہ ہو جائے۔50 رکنی باجوڑ امن جرگے کے سربراہ صاحبزادہ ہارون رشید نے مغرب کی نماز کے بعد ختم ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور کی تفصیلات سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔تاہم جرگے کے دو اراکین نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ یہ مذاکرات لوئی ماموند تحصیل میں ہوئے، جو ٹی ٹی پی کی جانب سے شہری علاقوں کو خالی کرنے پر مشروط آمادگی کے بعد ممکن ہوئے، یہ مطالبہ باجوڑ امن جرگہ کے دو بنیادی مطالبات میں شامل تھا۔ اتوار کے روز ہونے والے مذاکرات کا مقصد دہشت گردوں کو یا تو افغانستان واپس جانے یا اگر وہ سیکیورٹی فورسز سے لڑائی جاری رکھنا چاہتے ہیں تو پہاڑوں میں چلے جانے پر قائل کرنا تھا، یہ مذاکرات ہفتہ کی رات اعلیٰ حکام اور جرگہ اراکین کے درمیان ہونے والی میٹنگ کے بعد ہوئے۔ حکام نے ہفتے کے دن دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور صاحبزادہ ہارون رشید کی سربراہی میں باجوڑ امن جرگے کے رہنماؤں کے ساتھ ایک ملاقات میں مسئلے کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔ صاحبزادہ ہارون رشید نے اپنے فیس بک پوسٹ میں بھی کہا تھا کہ فریقین کے درمیان مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے اتوار کے روز مذاکرات کا تیسرا دور ہوگا۔صاحبزادہ ہارون رشید، جو کہ مقامی میڈیا کو مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کرنے کے واحد مجاز شخص ہیں، انہوں نے اس رپورٹ کے فائل ہونے تک صحافیوں کو مذاکرات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، کیونکہ وہ اور جرگے کے چند دیگر اراکین سینئر حکام کو تازہ صورتحال پر بریفنگ دینے میں مصروف تھے۔
تاہم، حکام سے ملاقات سے پہلے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ آج کی سات گھنٹے طویل ملاقات سے مطمئن ہیں۔ادھر، تحصیل سلارزئی کے تھنگی علاقے کے رہائشیوں نے اتوار کے روز حکام سے اپیل کی کہ وہ ان کے علاقے میں موجود سیکیورٹی پوسٹ کو ختم نہ کریں، کیونکہ اس اقدام سے ان کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ٹوٹ شاہ چوک پر ہونے والے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مقامی عمائدین نے کہا کہ حکام علاقے میں کئی سال پہلے قائم کی گئی سیکیورٹی پوسٹ کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔جرگے کے شرکا نے متعلقہ حکام سے اس منصوبے پر نظرِ ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔
باجوڑ : قبائلی عمائدین اور ٹی ٹی پی کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق

ٹیگز:
باجوڑ
