کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے ترجمان کے مطابق گزشتہ شب 132 کے وی زرد غلام جان منگچر گرڈ اسٹیشن پر تقریبا 20 مسلح افراد نے حملہ کر کے عملے اور سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا لیا۔ مسلح افراد نے گرڈ اسٹیشن میں اندھا دھند فائرنگ کی اور کنٹرول روم، ہائی پاور ٹرانسفارمر، سی ٹیز، کنزرویٹو ٹینک، ریڈیٹر ٹیوب، اے سی، ڈی سی پینل اور دیگر برقی آلات کو شدید نقصان پہنچایا۔ترجمان کے مطابق حملہ آوروں نے توڑ پھوڑ کے بعد گرڈ اسٹیشن سے 12 بور رائفل بھی اپنے ساتھ لے گئے اور عملے کو گرڈ چھوڑنے کی دھمکی دی۔ واقعے کی ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کیسکو نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں تحریری درخواست جمع کرادی ہے۔اسی شب ایک اور واقعے میں چوروں نے کچلاک بائی پاس کے قریب 132 کے وی یارو-انڈسٹریل ٹرانسمیشن لائن پر رسیوں کے ذریعے تکنیکی خرابی پیدا کی اور تقریبا 700 میٹر کنڈکٹرز اور دیگر برقی سامان چوری کر لیا۔ کیسکو کے اہلکاروں نے مقامی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ رات گئے پیٹرولنگ بھی کی۔کیسکو ترجمان کے مطابق پچھلے ایک ماہ کے دوران کوئٹہ، مستونگ، قلات، دشت اور سبی سمیت مختلف علاقوں میں برقی تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور چوری کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی اثاثوں کی حفاظت کے لیے چوروں کی نشاندہی میں مدد فراہم کریں تاکہ ان کے خلاف بروقت قانونی کارروائی کی جا سکے۔
منگچر گرڈ اسٹیشن پر مسلح افراد کا حملہ، عملہ یرغمال، کنٹرول روم اور برقی آلات تباہ

ٹیگز:
منگچر
