کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق جائزہ اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، سیکرٹری خزانہ بابر خان، سیکرٹری جنگلات نور احمد پرکانی،ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون، پروجیکٹ ڈائریکٹر زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور مجوزہ منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں زیارت کو پاکستان کا ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کے لئے قابل عمل منصوبہ تشکیل دینے کے ضمن میں عالمی اور قومی فرمز سے پیشکشیں طلب کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ زیارت میں موجود وزیر اعلٰی انیکسی، چیف سیکرٹری اور آئی جی ہاوس اضافی سرکاری ریسٹ ہاوسز اور عمارات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی مقاصد کیلئے زیر استعمال لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ اعلیٰ شخصیات کے لئے مختص عمارات کو حکومتی وسائل میں اضافے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ کے تحت کارگر بنایا جاسکے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سیاسی اثر رسوخ سے آزاد ایک فعال ادارہ بنائیں گے اس میں کوئی سیاسی شخصیت مداخلت کرے گی نہ کسی سرکاری بابو کو کمیشن لینے دیں گے، زیارت کی ترقی سے متعلق رضا کارانہ طور پر تمام سیاسی شخصیات اعادہ کرتے ہیں کہ زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں خلاف میرٹ کسی کام کے لئے کوئی مداخلت نہیں ہوگی اور زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایک خود مختیار ادارے کے طور پر کام کرے گی، وزیراعلٰی نے کہا کہ آئندہ دو سال میں زیارت کو ملک کے منفرد سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرائیں گیزیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائے، تمام مطلوب وسائل فراہم کریں گے وزیر اعلٰی نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق جامع سفارشات مرتب کرکے اسے زیارت کی ترقی کے مجوزہ منصوبوں سے ہم آہنگ کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ زیارت کے رہائشیوں کو متبادل توانائی کے ذرائع فراہم کئے جائیں تاکہ صنوبر کے قیمتی جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بااختیار اور منظم بنانے کے لئے ایکٹ میں ضروری ترامیم تجویز کی جائیں اور محکمہ قانون سے ان کا ویٹ کروا کر منظوری کے لیے کابنیہ میں پیش کیا جائے۔
زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سیاسی اثر رسوخ سے آزاد ایک فعال ادارہ بنائیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

ٹیگز:
وزیراعلیٰ بلوچستان
