کوئٹہ:بلوچستان اور بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت اور بدعنوانی نے ملک کی قومی سلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق 25 لاکھ 41 ہزار افغان مہاجرین نے پاکستانی شناختی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر لیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد نے مقامی پشتون، ہزارہ اور کچھ بلوچ علاقوں کے خاندانوں کے شناختی خانوں میں جعل سازی کے ذریعے خود کو رجسٹر کروایا، جن کے ذریعے نہ صرف وہ پاکستانی شناخت کے حامل بن گئے بلکہ اسمبلیوں تک پہنچنے، قبرستانوں پر قبضے کرنے اور افواجِ پاکستان میں کمیشن آفیسرز بننے تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔چند سال قبل محض 5 ہزار روپے میں جعلی شناختی کارڈ اور مقامی سرٹیفکیٹس )لوکل/ڈومیسائل( جاری کیے جاتے تھے۔ ایک سابق ڈی سی آفس اہلکار کے مطابق اثر و رسوخ رکھنے والے عناصر بلوچ علاقوں کے جعلی سرٹیفکیٹ پیسے دے کر بنواتے تھے۔ ایک حساس ادارے کے افسر کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر چیک کیے جانے والے 50 کیسز میں سے 45 جعلی نکلتے تھے، لیکن کرپشن کے پیچھے موجود بااثر شخصیات نے تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ماہرین اور سوسائٹی نمائندوں کے مطابق یہ صرف نادرا یا محکمہ مال کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ پاکستان کی ریاستی خودمختاری، قومی شناخت، آئندہ الیکشنز اور سکیورٹی کے بنیادی ڈھانچے پر سنگین حملہ ہے۔شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم، وزیر داخلہ اور چیف آف آرمی اسٹاف سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منظم جعل سازی کی اعلی سطح پر شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں، اور تمام ملوث عناصر کو فوری اور عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس ناسور کا فوری علاج نہ کیا گیا تو بلوچستان کی شناخت، عوام کے حقوق اور ملکی سالمیت سب کچھ داو پر لگ جائے گا، اور آئندہ نسلوں کے لیے یہ خاموش تباہی ایک ناقابل تلافی سانحہ بن جائے گی۔
بلوچستان میں 25لاکھ افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کا انکشاف

