کوئٹہ:محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان نے انسدادِ منشیات مہم کے تحت بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ خفیہ اطلاع پر سریاب روڈ کے علاقے میں کی گئی کارروائی کے دوران 5 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی، جبکہ ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے زیر استعمال گاڑی بھی ضبط کرلی گئی۔محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ کارروائی ڈی جی ایکسائز، سیکریٹری ایکسائز اور ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔ گرفتاری کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک تک پہنچا جا سکے۔محکمہ ایکسائز نے آئس جیسے مہلک نشے کو نوجوان نسل کے لیے زہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ محکمہ ہر قیمت پر منشیات کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا اور بلوچستان کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کوئٹہ، سریاب روڈ سے 5کلوگرام آئس برآمد، منشیات فروش گرفتار

