کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، ژوب، زیارت، موسی خیل، خضدار، لورالائی، لسبیلہ اور کوہلو میں مختلف حادثات کے دوران خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں مکانات گرنے، پانی میں بہہ جانے اور دیگر بارش سے جڑے حادثات کے باعث ہوئیں۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق 28 جون سے جاری بارشوں کے نتیجے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں 58 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 11 مکانات مکمل منہدم جبکہ 47 مکانات جزوی طور پر تباہ ہوئے۔بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک، ٹینٹ اور دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔حکام نے مون سون کے دوران عوام کو محتاط رہنے، ندی نالوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
بلوچستان میں مون سون کی تباہ کاریاں، خواتین اور بچوں سمیت 16افراد جاں بحق

