کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا ہے کہ کوئٹہ بالخصوص سریاب کے عوام کو نہ بجلی میسر ہے اور نہ ہی گیس، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس علاقے کے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سردیوں کی آمد ہوچکی ہے، لیکن اس کے باوجود گیس کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔مقررہ شیڈول کے مطابق بھی گیس فراہم نہیں کی جارہی، جس کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم میں گیس بنیادی ضرورت ہے، لیکن بدقسمتی سے کوئٹہ اور بالخصوص سریاب کے مکینوں کو اس بنیادی سہولت سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔ صبح، شام اور رات کے اوقات میں گیس کی عدم دستیابی کے باعث خواتین، بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بھی عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا کہ عوام ہر سال سردیوں میں گیس کی قلت اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب برداشت کرتے ہیں، لیکن متعلقہ ادارے اور حکام عوامی مشکلات کا مستقل حل نکالنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ بالخصوص سریاب میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، گیس پریشر کا مسئلہ فوری حل کیا جائے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو سرد موسم میں مزید اذیت سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لے اور متعلقہ اداروں کو عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا پابند بنائے۔
کوئٹہ میں بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کیخلاف عوام کیساتھ ملکر احتجاج کا ہر راستہ اختیار کرینگے، ڈاکٹر ناشناس لہڑی

ٹیگز:
ڈاکٹر ناشناس لہڑی
