لاہور(ڈیلی گرین گوادر) پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام لاہور میں منعقدہ ’’خدیجۃ الکبریٰ کانگریس 2026ء‘‘ سے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی زندگی خواتین کے لیے کاروباری دیانت، ایثار اور مقصد سے وفاداری کا بہترین نمونہ ہے۔ اسلام نے عورت کو معاشی حقوق دیے ہیں، اسے وراثت، مہر اور اپنی کمائی پر مکمل اختیار عطا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مرد کو خاندان کا کفیل بنایا ہے، عورت پر گھر کے اخراجات کی ذمہ داری عائد نہیں کی۔ عورت اگر اپنی خوشی سے خاندان پر خرچ کرتی ہے تو یہ اس کا احسان اور صلہ رحمی ہے۔ خواتین کو اپنے معاشی حقوق اور اسلامی تعلیمات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت میں امانت اور دیانت بنیادی اہمیت رکھتی ہے، دھوکا، ملاوٹ اور ناپ تول میں کمی کاروبار کی برکت ختم کر دیتے ہیں۔ حضرت خدیجہؓ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ دولت کا اصل حسن اسے اللہ کی رضا اور انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے میں ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول، درست رہنمائی اور عملی مواقع فراہم کیے جائیں۔ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا صرف انفرادی ترقی نہیں بلکہ مضبوط خاندان اور مستحکم معاشرے کی تشکیل کا ذریعہ ہے۔ بلاسود کاروباری سہولتیں اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری عائشہ سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی سیرت خواتین کو خوداعتمادی، بہترین کاروباری حکمت عملی، دیانت اور اعلیٰ مقصد کے لیے وسائل استعمال کرنے کا درس دیتی ہے۔ آج کی خواتین کو بھی اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے معاشی میدان میں آگے بڑھنا چاہیے۔ خواتین کے درمیان تعاون، تجربات کا تبادلہ اور ایک دوسرے کی سرپرستی ہی کامیاب اور خودمختار معاشرے کی بنیاد بن سکتی ہے۔

وائس پریزیڈنٹ پاک انٹرنیشنل بزنس فورم انیلہ محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ایک پلیٹ فارم سجایا ہے۔ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ فورم خواتین کو کاروباری تربیت، رہنمائی اور بلاسود مائیکرو فنانسنگ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع اور موجودہ کاروبار کو وسعت دے سکیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کامیاب ہونے والی خواتین آگے چل کر دوسری خواتین کا ہاتھ تھامیں اور انہیں بھی معاشی طور پر خودمختار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2030ء تک خواتین کی معاشی صورتحال میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کانگریس سے ملیحہ انیس باری، ڈاکٹر ندا محمود، اسسٹنٹ پروفیسر و ہیڈ آف اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس گرین انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور، انٹرپرینیور اور کاپی کوچ مس ماریہ رانا، جین زی انٹرپرینیورشپ اسٹوڈنٹ اور بانی بوٹسٹن اوریجن نورین فاطمہ، بانی Occupaisha مس فاتکہ مظہر اور سی ای او لیڈز ویل و CEMO MS Global KSA مس فریحہ ذیشان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید، عائشہ سید ، ڈاکٹر زبیدہ جبیں اور ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران اپنی نائبین کے ہمراہ بھی موجود تھیں، جنہوں نے کانفرنس سے قبل ڈاکٹر حمیرا طارق کے ہمراہ ایگزیبیشن کا افتتاح کیا۔
مقررین نے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں، جدید دور کے تقاضوں، مالیاتی منصوبہ بندی اور خوداعتمادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ خاندان کے ساتھ ملکی معیشت میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امانت اور دیانت کے بغیر کاروبار ترقی نہیں کرسکتا۔ حلال کمائی، اللہ کی رضا اور ضرورت مندوں پر خرچ کرنے کا جذبہ کاروبار میں برکت کا ذریعہ ہے۔#

