اورماڑہ (یو این اے )اورماڑہ کے نواحی علاقے رچ کے قریب سے ایک بوسیدہ انسانی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت گزی لین سے تعلق رکھنے والے ذہنی عارضے میں مبتلا بزرگ شخص غلام مصطفی کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس اور میڈیکل ٹیم کے مطابق غلام مصطفی کئی ہفتے قبل اپنے گھر سے لاپتہ ہوئے تھے، اور اہل خانہ انہیں مسلسل تلاش کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قانونی کارروائی کے بعد تحویل میں لے کر ضروری معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا۔میڈیکل ٹیم کے ابتدائی معائنے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ متوفی کی موت کا سبب شدید بھوک، پیاس اور کڑی دھوپ کی شدت ہے، جبکہ لاش میں شدید گلنے سڑنے کے آثار پائے گئے۔لواحقین نے لاش کی شناخت غلام مصطفی کے طور پر کر لی ہے۔ واقعے نے مقامی آبادی کو دکھ اور افسوس میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ انسانی حقوق سے وابستہ حلقوں نے ایسے ذہنی عارضے میں مبتلا افراد کے لیے حفاظتی اقدامات اور فوری امداد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اورماڑہ،رچ کے قریب ذہنی معذور شخص کی لاش برآمد، بھوک و پیاس موت کا سبب قرار

