کوئٹہ(یو این اے )قمبرانی روڈ کوئٹہ میں اتوار کے روز کنویں کی کھدائی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو مزدور کنویں کی کھدائی کے دوران اندر پھنس گئے، جنہیں بچانے کی کوشش میں ایک تیسرا شخص بھی کنویں میں گر گیا۔واقعے کی اطلاع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غورزئی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ روانہ کرنے کی ہدایت کی۔ پی ڈی ایم اے اور ایدھی فانڈیشن کی مشترکہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں تینوں افراد کو کنویں سے نکال لیا گیا۔ایدھی ذرائع کے مطابق جاں بحق مزدور کی شناخت ناصر ولد محمد اشرف، قوم خلجی، عمر 30 سال کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی فرد کا نام علی نواز ولد جمعہ خان، قوم زہری، عمر 35 سال بتایا گیا ہے۔ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے حکام نے امدادی ٹیموں کی فوری رسپانس، پیشہ ورانہ مہارت اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں کردار کو سراہا ہے۔ واقعے نے حفاظتی اقدامات کی اہمیت پر ایک بار پھر سوال اٹھا دیا ہے، اور عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ خطرناک کاموں کے دوران مناسب سیکیورٹی اور تربیت کو یقینی بنایا جائے۔
کوئٹہ ،قمبرانی روڈ پر کنویں کی کھدائی کے دوران حادثہ، ایک مزدور جاں بحق، ایک زخمی

