کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے ضلع موسی خیل کی تحصیل کنگری میں زلزلے کے بعد ابتدائی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کے مطابق زلزلے سے مختلف علاقوں میں پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث سینکڑوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے متعدد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ دیگر کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔زلزلے کے فورا بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔شاہد رند نے بتایا کہ نقصانات سے متعلق تفصیلات ابتدائی جائزہ مکمل ہونے کے بعد حتمی رپورٹ کی صورت میں جاری کی جائیں گی۔ متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے اور نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔
موسی خیل، زلزلے سے سینکڑوں مکانات کو نقصان، پانچ افراد زخمی

