کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے سات سالہ معصوم طالبعلم مصور کاکڑ کے اغوا اور بہیمانہ قتل کو انسانیت سوز اور ناقابلِ معافی جرم قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندان کا سانحہ ہے بلکہ پورے بلوچستان کے عوام کے دلوں کو دہلا دینے والا حادثہ ہے۔ مصور کاکڑ بے گناہ اور معصوم تھا، جسے ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔ ایسے واقعات معاشرے کی اجتماعی بے حسی اور حکومتی اداروں کی ناقص کارکردگی کو بے نقاب کرتے ہیں۔پروفیسر حلیم صادق نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کریں اور اصل مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دیں تاکہ آئندہ ایسے دلخراش سانحات سے بچا جا سکے۔انہوں نے متاثرہ خاندان سے مکمل ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہر فورم پر مظلوموں کی آواز بلند کرتی رہے گی۔
مصور کاکڑ کی شہادت بدترین وحشت اور بربریت کی مثال ہے، پروفیسر حلیم صاد ق

ٹیگز:
حلیم صاد ق
