لسبیلہ(یو این اے )لسبیلہ، بیلہ اور گردونواح میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ صبح 6 بجے سے جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلابی ریلہ پیدا ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کے راستے بند ہو چکے ہیں اور کئی دیہی علاقے شہری مراکز سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے خطرات کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے اور ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔شدید گرمی کے بعد موسلادھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو کر 28 ڈگری تک آ گیا ہے۔ ٹھنڈی ہواں اور بادلوں کے بسیرا نے شہریوں کو سکھ کا سانس لینے پر مجبور کر دیا۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔دوسری جانب سوراب اور گردونواح میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ پانی کے بہا میں تیزی کے باعث نشیبی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ادھر ضلع کوہلو کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں تغیانی آگئی ہے جبکہ بارش کے بعد طویل گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔بارش سے ایک جانب جہاں شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں وہیں دوسری جانب بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بارش کو کسانوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بارش ان کے لیے رحمت ثابت ہوئی ہے۔ خشک سالی کے خدشات وقتی طور پر ختم ہو گئے ہیں جبکہ پانی کی قلت کی صورتحال میں بھی بہتری آ گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں سے گزرتے وقت احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے باعث ندی نالوں میں مزید پانی آنے کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ موسی خیل، بارکھان، زیارت، لورالائی، سبی، قلات اور گردونواح میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41، قلات میں 34، زیارت میں 29، ژوب میں 38، سبی میں 46، تربت میں 44، نوکنڈی میں 45 اور چمن میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہا، جہاں گوادر میں درجہ حرارت 36 جبکہ جیوانی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرمی اور ممکنہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
لسبیلہ ،سوراب اورکوہلو میں طوفانی بارشیں،بلوچستان بھر میں مزید بارشوں کی بیشنگوئی، الرٹ جاری

