کوئٹہ(یو این اے )گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ جدید فنی مہارت کے بغیر تعلیم ادھوری ہے، وقت آ چکا ہے کہ بلوچستان میں ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجود تمام ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں کو ایک جامع پولی ٹیکنیک یونیورسٹی کے تحت لانا ایک قابلِ عمل قدم ہوگا، جو فنی تعلیم کا مثر اور مربوط نظام تشکیل دے کر معاشی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولی ٹیکنیک کالج کے پروفیسرز اور لیکچررز پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ دورِ جدید تکنیکی مہارتوں کا ہے مگر بدقسمتی سے پولی ٹیکنیک کالجوں میں اب بھی بہتری کی گنجائش باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کو بااختیار بنا سکتے ہیں بلکہ بے روزگاری جیسے بڑے مسئلے پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔گورنر مندوخیل نے زور دیا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام پولی ٹیکنیک اداروں کو سنٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور انہیں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ طلبا جدید جاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارت حاصل کر کے کامیابی حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی نہ صرف معیارِ تعلیم بلند کرے گی بلکہ نظریہ اور عمل کے درمیان فرق کو بھی ختم کرے گی۔ گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مستحق اور قابل طلبہ و طالبات کو دوسرے صوبوں یا بیرون ملک اسکالرشپس کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اعلی فنی تعلیم حاصل کر کے وطن کی ترقی میں کردار ادا کریں۔گورنر نے کہا کہ پولی ٹیکنیک کالجوں سے فارغ التحصیل انجینئرز اور پیشہ ور ماہرین ہی بلوچستان کی معاشی ترقی کے حقیقی محرک ثابت ہو سکتے ہیں۔
بلوچستان میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، جعفر خان مندوخیل

