گوادر(یو این اے ) ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال کے باعث ایران میں پھنسے 7 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں جن میں طلبہ، زائرین، مزدور اور خواتین و بچے شامل تھے کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے پاک فوج نے مثالی کردار ادا کرتے ہوئے گوادر بارڈر پر انسانی خدمت کی روشن مثال قائم کر دی۔نازک صورتحال کے پیش نظر پاک فوج نے فوری طور پر ضلعی انتظامیہ، ایف آئی اے، پولیس اور کسٹمز حکام کے تعاون سے بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے۔ سرحدی علاقے میں نہ صرف فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی بلکہ شہریوں کے لیے عارضی رہائش، خوراک، طبی امداد، دستاویزی کارروائی اور سفری سہولیات کا مکمل بندوبست بھی کیا گیا۔بارڈر کا مقام خدمت، ہمدردی اور قومی یکجہتی کی علامت بن گیا جہاں پاک فوج کے جوانوں نے بلا تفریق دن رات محنت کرکے وطن لوٹنے والے ہر شہری کو تحفظ، عزت اور سہارا فراہم کیا۔ وطن واپسی کے ہر مرحلے کو موثر اور منظم انداز میں انجام دے کر پاک فوج نے عوام کے دل جیت لیے۔شہریوں نے اپنی وطن واپسی کو “دوبارہ زندگی ملنے” سے تعبیر کرتے ہوئے پاک فوج کے جذبہ خدمت، نظم و ضبط اور خلوص کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ہر پاکستانی کو یہ احساس ہوا کہ مشکل کی گھڑی میں ریاست اور افواج پاکستان اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔یہ عظیم انسانی مشن اس بات کا بین ثبوت ہے کہ افواج پاکستان نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہیں بلکہ پوری قوم کی امید، طاقت اور سایہ ہیں۔ وطن سے محبت اور عوام سے وابستگی نے پاک فوج کو ایک بار پھر قومی خدمت کی صفِ اول میں لا کھڑا کیا ہے۔
ایران میں محصور 7ہزار سے زائد پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی

