کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کوئٹہ میں انتقال کر جانے والے سینئر صحافیوں سید خلیل الرحمن، سید عابد بخاری، حبیب الرحمن، عبدالستار کاکڑ اور زبیر ابابکی کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ریفرنس کے انعقاد کے دوران مقررین نے مرحوم صحافیوں کو ان کے صحافتی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ سیمینار میں مرحوم صحافیوں کے لواحقین اور اہلخانہ نے بھی شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے صدر کوئٹہ پریس کلب عرفان سعید، صدر بی یو جے منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری کوئٹہ پریس کلب ایوب ترین، جنرل سیکرٹری بی یو جے شاہ حسین ترین، سینئر صحافیوں شہزادہ ذوالفقار، رضا الرحمن، خلیل احمد، عبدالخالق رند، محمد کاظم مینگل، مرحوم صحافی سید خلیل الرحمن کے بھائی سید بہادر شاہ، مرحوم عابد بخاری کے بھائی سید زاہد بخاری، مرحوم موسیٰ فرمان کے بھائی شمعون فرمان، زبیر ابابکی کے بھائی سہیل ابابکی اور مرحوم عبدالستار کاکڑ کے فرزند نثار کاکڑ نے خطاب کیا۔ مقررین نے وفات پانے والے صحافیوں کی صحافت کے لئے خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی صحافتی خدمات کو سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے تمام سینئر صحافیوں کے انتقال سے بلوچستان کے صحافت میں ایک خلاء پیدا ہوا ہے جو شائد کبھی پورا نہ ہو۔ انہوں نے کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی اور اپنے قلم کے ذریعے حق و سچ کا پرچار کیا۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اپنے ساتھیوں کی صحافت کے لئے خدمات کو فراموش نہیں کرے گی اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی صحافتی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں خاص کر نوجوان صحافی ان کے تجرے اور خدمات سے بہت کچھ سیکھیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری نوجوان نسل جو صحافت کے شعبے سے تعلق رکھتا ہے ان کے اصولوں پر کار بند رہ کر ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر تمام مرحوم صحافیوں کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے دعا مغفرت کی گئی۔
کوئٹہ پریس کلب میں مرحوم صحافیوں کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

ٹیگز:
کوئٹہ پریس کلب
