جعفرآباد(یو این اے ) محکمہ ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس کی جانب سے عالمی یوم منشیات کے موقع پر جعفرآباد میں شعور و آگہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز ڈی سی آفس سے ہوا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر جاوید بلوچ نے کی۔ریلی میں اینٹی نارکوٹکس اہلکاروں، سرکاری افسران، شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور منشیات کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ ریلی کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنا اور عوام میں شعور بیدار کرنا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خالد خان اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر جاوید بلوچ نے کہا کہ منشیات ایک خطرناک سماجی ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔افسران نے عوام سے بھی اپیل کی کہ منشیات فروشوں کی نشاندہی میں حکام سے تعاون کریں تاکہ معاشرے کو اس زہر سے پاک کیا جا سکے۔
جعفرآباد ، عالمی یوم منشیات پر آگاہی ریلی کا انعقاد

