ایران پر امریکی حملے کے بعد روس، چین، بھارت، سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے اپنا شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر امریکی حملے جنگ کی آگ کو مزید بھڑکا دیں گے، مذکورہ ممالک کے سربراہان کا کہنا تھا کہ فریقین معاملات کو بات چیت سے حل کریں۔ علاوہ ازیں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے ممکنہ طور پر پورے خطے میں پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ بحرین اور کویٹ نے بھی ہنگامی اقدامات کرلیے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد سعودی عرب نے اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے، اس حوالے سے دو باخبر ذرائع نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور حالات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، امریکی حملے اسرائیلی حملوں کے سلسلے کا تسلسل ہیں، یہ حملے بین الاقوامی قانون کی تمام اقدار کی خلاف ورزی ہیں، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت سے کشیدگی اور تشدد میں بے مثال اضافہ ہوا ہے، مزید کشیدگی پورے خطے اور دنیا پر سنگین اثرات ڈالے گی، خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے پر گہری تشویش ہے۔ مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان ایران کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسرائیلی کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت بھی کی ہے۔
ایران پر امریکی حملہ ،پاکستان ،روس، چین، بھارت، سعودی عرب سمیت اقوام متحدہ ک اشدید رد عمل

