مستونگ(یو این اے )مستونگ کے علاقے بابو محلہ میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب نامعلوم سمت سے مبینہ طور پر آنسو گیس کے تین شیل فائر کیے گئے جو ایک لائبریری کے قریب واقع گھروں میں آ گرے۔ عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ شب شیل گرنے کے بعد علاقے میں شدید گیس پھیل گئی جس کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ شدید اذیت میں مبتلا ہو گئے۔واقعے کے بعد شہریوں میں بے چینی اور اضطراب کی فضا قائم ہو گئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، تاہم ابتدائی طور پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے واقعے سے لاعلم دکھائی دیے۔ بعد ازاں لیویز اور دیگر حکام کو بھی اطلاع دی گئی۔تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آنسو گیس کے یہ شیل کہاں سے اور کس مقصد کے لیے فائر کیے گئے۔ اہلِ علاقہ نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائے اور شہری علاقوں میں اس قسم کے خطرناک واقعات کی روک تھام کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔
مستونگ ،بابو محلہ میں گھروں پر آنسو گیس کے شیل گرنے سے خوف و ہراس پھیل گیا

